آزاد کشمیر: 11 جون: میرپورمیں اسکول وین تیز رفتاری کے باعث نہر میں جاگری جس کے نتیجے میں 14 بچے جاں بحق ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کے روز علی بیگ سے میر پور آتے ہوئے ہیڈ کے مقام پر اسکول وین اپر جہلم نہر میں گرگئی۔ حکام کے مطابق حادثے کے فوری بعد امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے 4 بچوں کو زندہ بچا لیاگیا جن میں سے 3 بچوں کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ میرپور کے اسسٹنٹ کمشنرعلی اصغر کے مطابق وین میں 18 بچے سوار تھے۔ 14 بچوں کی لاشیں نہرسے نکال لی گئیں۔معلوم ہوا ہے کہ جاں بحق ہونے والے بچوں میں ایک ہی خاندان کے 6 بچے بھی شامل ہیں ۔انتظامیہ کے مطابق امدادی کارروائیاں تیزکرنے کیلئے منگلا جھیل سے اپر جہلم نہر کو پانی کی سپلائی روک دی گئی تھی۔ عینی شاہدین کی اطلاع پر ریسکیو1122‘ پاک آرمی اور پولیس کے نوجوانوں نے فوری موقع پر پہنچ کر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ جاں بحق ہونیوالے بچوں کی عمریں چھ سے اٹھارہ سال کے درمیان ہیں۔ ڈرائیور یاسر بٹ جائے حادثہ سے فرار ہو گیا۔ ملزم کے خلاف تھانہ علی بیگ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ۔صدر اور وزیراعظم آزادکشمیر نے اس حادثہ پر گہرے دکھ اور صدمے کااظہار کرتے ہوئے شہید ہونیوالوں کے لواحقین سے دلی افسوس کااظہار کرتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے اور زخمی بچوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پولیس کے مطابق صبح ساڑھے چھ بجے کے قریب فورڈ ویگن نمبر AJK 6475 سے یاسر بٹ ولد مظہر بٹ ساکن غازی گوڑھا چلا رہا تھا انتہائی تیز رفتاری کے باعث موڑ کاٹتے ہوئے نہر کے چھوٹے برج پر گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور وہ نہر اپر جہلم میں گر گئی ۔
شکریہ جنگ سرچ ایبل ملک بھر سے