انٹر کے پرچے آوٹ ہونا بدترین نااہلی ہے

آزاد کشمیر: 26 مئی: جموں و کشمیر اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم امجد یعقوب نے کہا ہے کہ امتحان سے قبل انٹرمیڈیٹ کا پیپر آوٹ ہونا بد دیانتی اور محنت کرنے والے طلباءسے زیادتی ہے۔ طلباءسے ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی۔ چیرمین بورڈ تعلیم دشمن حرکات کا فوری نوٹس لیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہنگامی اجلاس میں کیا۔ انٹرمیڈیٹ کے سالانہ پیپر کا وقت سے پہلے آوٹ ہونا نگران عملہ کی نا اہلی اور طلباءکے مستقبل سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ انگلش، میتھ اور فزکس کا پیپر آوٹ ہونا ناقص تعلیمی پالیسی کے ساتھ ساتھ نا اہل نگران عملہ کا منہ بولتاثبوت ہے۔ ایسے نگران کو اگر سزا نہ دی گئی تو پورے کشمیر میں احتجاج کا عمل شروع کیا جائے گا اور ذہین طلبہ سے کی گئی زیادتی کا حساب لیا جائے گا۔ امتحانی سینٹرز میں لوکل عملے کی موجودگی سے بوٹی کلچر میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ناقص تعلیمی پالیسی کی وجہ سے ذہین طلبہ کی حق تلفی ہو رہی ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ نے ہر دور میںتعلیم دشمن عناصر کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔ انہوں نے مذید کہا کے حالیہ واقع میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی نہ ہونے کی صورت میںپورے ملک میں احتجاج کریں گے۔