ایچ ای سی کی پالیسیوں سے تعلیم کا معیار بہتر ہوا

مانسہرہ: 03 جون: وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سید سخاوت شاہ نے کہا ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی مربوط اور جامع پالیسی سازی اور اقدامات کی وجہ سے ملک میں اعلی تعلیم کو فروغ حاصل ہو ہے۔ یونیورسٹیوں میں ریسرچ ورک کے ساتھ ساتھ کمیونٹی بیسڈ سرگرمیوں کو بھی اپنانا چاہیئے۔ ایچ ای سی کی انٹر پلیسمنٹ پروگرام کی بدولت ہزارہ یونیورسٹی میں نوجوان پی ایچ ڈی اساتذہ کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہو اہے اور اب تعلیمی شعبے میں ہمیں پی ایچ ڈی فیکلٹی کی خدمات میسر ہیں جس کی بدولت یونیورسٹی کے طلبا و طالبات مستفید ہو رہے ہیں ۔اور گریجویشن سے لے کر ایم فل اور پی ایچ ڈی تک تعلیمی و تحقیقی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ وہ گزشتہ روز ایچ ای سی کے انٹرم پلیسمنٹ پروگرام کے تحت تعینات شدہ اساتذہ کے ایک وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے نوجوان اساتذہ کو کہا کہ ملک و قوم کا مستقبل آپ کے ہاتھ میں ہے۔ آپ نے دنیا کی مشہور یونیورسٹیوں سے پی ایچ ڈی جیسی ڈگری حاصل کر کے علم و تحقیق کے دروازے اپنے لئے کھول لئے ہیں جو کہ نہ صرف طلبا و طالبات کی تعلیمی و تحقیقی سہولیات کے لئے ضروری ہیں بلکہ آپ جیسے ماہرین تعلیم ہی پاکستان کو موجودہ درپیش چیلنجز کا سامنا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے وفد کے اراکین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے مقابلے کا رجحان پیدا کرنا ہے۔ تاکہ آپکو دیکھتے ہوئے یونیورسٹی کے دیگر اساتذہ بھی پی ایچ ڈی اور پوسٹ ڈاک جیسی تعلیمی و تحقیقی سہولیات کی طرف راغب ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اداروں کے علاوہ مختلف غیر سرکاری ادارے اور ایجنسیاں بیرونی ممالک میں اعلی تعلیم کے لئے سپانسر شپ فراہم کر رہی ہیں۔ اسی طرح کے مواقعوں سے ہمارے نوجوان اساتذہ کو بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیئے۔ انہوں نے ایچ ای سی کی طرف سے پی ایچ ڈی کرنے والے اساتذہ کو ایچ ای سی کے مختلف مالی و فنی منصوبوں کے متعلق بتایا اور انہیں ایچ ای سی کو تعلیمی شعبے میں بڑی لیبارٹریوں کے قیام کے لئے فنانشل پروپوزل ارسال کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو ریسرچ پبلیکیشن کی طرف توجہ دینی چاہیئے۔ انہوں نے اساتذہ سے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنے تجربات اور صلاحیتوں کی بدولت طلبا و طالبات کو معیاری اور بامقصد تعلیم فراہم کریں گے۔ وفد میں مختلف تعلیمی شعبوں سے تعلق رکھنے والے اسسٹنٹ پروفیسر شامل تھے جن میں کیمسٹری ڈیپارٹمنٹ کے ڈاکٹر طارق محمود اور ڈاکٹر عبید الرحمان ، باٹنی ڈیپارٹمنٹ کے ڈاکٹر ظفر اقبال اور فزکس ڈیپارٹمنٹ کے ڈاکٹر ظفر اقبال، فزکس ڈیپارٹمنٹ کےڈاکٹر سعید اختر، بائیو کیمسٹری کی ڈاکٹر صائمہ مصطفی، پولیٹیکل سائنس کے ڈاکٹر عمران نسیم ڈاکٹر محمد اعظم اردو ڈیپارٹمنٹ کے ڈاکٹر محمد رحمان اور ڈاکٹر محمد الطاف اور اردو ڈیپارٹمنٹ کے ڈاکٹر آصف نواز شامل تھے۔

شکریہ آج