پشاور: 20 مئی: امریکی امدادی ادارے جی آئی زیڈ اور فاٹا سیکرٹریٹ کے باہمی تعاون سے خیبر پختون خواہ میں مضبوط آب پاشی کا نظآم شروع کیا جائے گا جس سے نہ صرف 60 فیصد پانی بچایا جا سکے گا بلکہ کیمیائی کھادوں کے زیادہ استعمال میں بھی کمی لائی جا سکے گی۔ ابتدائی طور پر زرعی یونیورسٹی ایف آر پشاور جمرود اور ملاگوری میں بھی سسٹم قائم کئے جائیں گے۔ اس حوالے سے گزشتہ روز جی آئی زیڈ کے پرنسپل ایڈوائزر فاٹا لائیولی ہڈ پراجیکٹ سٹیفن شمڈ نے زرعی یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نعیم سے ملاقات کی ان کے ہمراہ ٹیم آف جی آئی زیڈ کے عاصم شیخ بھی تھے۔ جب کہ یونیورسٹی کی جانب سے ڈین فیکلٹی آف کراپ پروڈکشن سائنسز پروفیسر ڈاکٹر ظہور سواتی ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ کمیشن پروفیسر ڈاکٹر جمال اگرانومی ڈیپارٹمنٹ کے پروفیسر ڈاکٹر اکمل ایڈیشنل ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی رضوان احمد بھی موجود تھے۔ اس حوالے سے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے ڈاکٹر جمال نے کہا کہ پراجیکٹ مڈٹرم کی بنیاد پر اگلے سال 2012 سے شروع کیا جائے گا اور نو سال میں مکمل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ متعلقہ علاقوں میں ڈیمانسٹریشن فارم بنائے جائیں گے۔ واضح رہے کہ فاٹا سیکرٹریٹ اور جی آئی زیڈ کے تعاون سے فاٹا کے علاقوں میں معاشی بہتری سمیت ایجوکیشن اور ہیلتھ کے پروگرام شروع کئے گئے ہیں اور یہ پراجیکٹ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
شکریہ مشرق