جی ٹی اے بی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے

کوئٹہ: 01 جون: گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر او رمتحدہ محاذ اساتذہ پاکستان کے سربراہ محمد نواز جتک نے کہا ہے کہ اساتذہ کے حقوق پر کسی کو شب خون مارنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ہم عملی جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں۔ کاغذی گھوڑے دوڑانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ اساتذہ کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو خالی نعروں اور بلند و بانگ دعووں سے مطمئن نہیں کیا جا سکتا۔ اساتذہ باشعور طبقے سے تعلق رکھتے ہیں اور اپنے مسائل کا حل کرانا اور اپنے حقوق کے لئے جدوجہد کرنا خوب جانتے ہیں۔ انہوں نےکہا کہ صوبہ بھر کے اساتذہ کا جی ٹی اے بی کے پلیٹ فارم اور متحدہ محاذ اساتذہ پاکستان کے چارٹر آف ڈیمانڈ کے لئے ہونے والے پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے نے بیوروکریسی اور اس کے آلہ کاروں کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جی ٹی اے بی عملی جدوجہد اور جمہوری بالادستی پر یقین رکھتی ہےاور ہمیشہ عملی جدوجہد کے ذریعے ہی اپنے حقوق حاصل کئے ہیں۔
انہو ںنے کہا کہ محض کاغذی گھوڑے دوڑانے سے اساتذہ کے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ اس میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خود ساختہ اور بیورو کریسی کے آلہ کاروں کو ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے متحدہ محاذ اساتذہ پاکستان کی کامیاب تحریک پر ملک بھر اور بلوچستان کے اساتذہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کے حقوق کے لئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

شکریہ جنگ