پشاور: 02 جون: حکومت نے دہشت گردی سے متاثرہ ضلع دیر پائیں کے ایک سو چھ سرکاری سکولوں کے اٹھارہ سو سے زائد ذہین طلبا و طالبات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر انعامات تقسیم کئے۔ دیر پائیں کے علاقوں زیم دورہ، باغ، لال قلعہ میدان اور حیا سرائی کے سرکاری سکولوں میں تقاریب منعقد ہوئیں ۔ اس موقع پر ضلعی رابطہ آفیسر لوئر دیر اسلام زیب، کمانڈر ملٹری آپریشن میدان کرنل عامر، ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن ، پاک فوج کے دوسرے افسران، اساتذہ اور والدین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ حکومت دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں تعلیم کے فروغ اور طلبا کی حوصلہ افزائی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ اس سلسلے میں ملاکنڈ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت دیر پائیں کے ایک سو چھ پرائمری،مڈل، ہائی اور ہائرسیکنڈری سکولوں میں زیر تعلیم 1787 طلبا و طالبات میں مفت یونیفارم، کتابیں، سکول بیگز، کیلکولیٹرز، چادریں، نوٹ بک، کتابیں، سکول بیگز، جیومیٹری باکس، کھیلنے کے لئے فٹ بال اور دیگر اسٹیشنری مفت فراہم کی۔ طلبا و طالبات کو یہ انعامات اول سے جماعت دہم تک پہلی،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے ، تعلیمی سال میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر دی گئیں جن کا مقصد ذہین طلبا و طالبات کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
شکریہ آج