طالب علم قتل کیس کی تحقیقات کا آغاز

پشاور: 06 جون: سیشن کورٹ مردان کے احکامات کی روشنی میں کرائسز برانچ پشاور کی تحقیقاتی ٹیم نے مردان میں پولیس کی فائرنگ سے ایک طالب علم کی ہلاکت اور دوسرے کی مجروحیت کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ گزشتہ روز ڈی ایس پی میاں نصیب خان کی قیادت میں تحقیقاتی ٹیم نے جائے وقوعہ کا معائنہ کر کے فوٹو گرافی کی اور مقتول طالب علم عطاء اللہ کے ورثاء اور زخمی طالب علم حامد شاہ کے علاوہ مختلف گواہوں کے بیانات قلمبند کئے۔ کرائمز برانچ کی ٹیم نے تھانہ جبر جا کر پولیس کی متعلقہ ریکارڈ چیک کیا اور علاقہ کے لوگوں سے خفیہ ملاقاتیں کر کے پولیس کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ 28 اپریل کو ساولڈھیر مردان کے علاقے میں پوسٹ گریجویٹ کالج کے دو موٹر سائیکل سوار طلبا پر فائرنگ کی تھی جس سے سیکنڈ ایئر کا طالب علم عطاء اللہ سکنہ تہولک لگ کر جاں بحق اور فرسٹ ایئر کا طالب علم حامد شاہ سکنہ ساولڈھیر زخمی ہو گیا تھا۔ بعد ازاں سیشن کورٹ نے واقعے کی تفتیش مردان پولیس کی بجائے کرائمز برانچ پشاور کے ذریعے کروانے کے احکامات جاری کئے تھے۔

شکریہ آج پشاور