پشاور: 06 جون: ماحولیاتی تبدیلیوں نے انسانی زندگی کو مختلف خطرات میں مبتلا کر دیا ہے۔ آبادی اور وسائل میں عدم توازن نے گھمبیر مسائل کو جنم دیا ہے ۔ قدرتی ماحول کو برقرار رکھنے کے لئے حیاتیاتی تنوع پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ نباتات اور پانی جیسی عظیم نعمتوں کے استعمال میں کفایت شعاری کے ذریعے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار سابق چیف کنزرویٹو محمد اقبال خان سواتی اور پاکستان فارسٹ انسٹی ٹیوٹ پشاور کے ڈائریکٹر جنرل ایس سید بادشاہ بخاری نے ماحولیات سے عالمی دن کی مناسبت سے فارسٹ انسٹی ٹیوٹ میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آبادی میں اضافے کے منفی اثرات کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے ڈائریکٹر ایجوکیشن حکیم شاہ اور ڈاکٹر میمونہ ولی محمد نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے جنگلات میں اضافے، پانی کے بقدر حاجت استعمال اور گاڑیوں میں روز افزوں اضافے کی روک تھام کی ضروریات پر زور دیا۔
شکریہ آج پشاور