نتھیا گلی سمر کالج کے افتتاح کی جھلکیاں

اسلام آباد: 28 جون: وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے پیر کی سہ پہر یہاں 36 ویں بین الاقوامی نتھیا گلی سمر کالج کا افتتاح کیا جو طبیعات اور عصر حاضر کے تقاضوں کے بارے میں ہے ۔ اس کالج کا اہتمام پاکستان کے ایٹمی توانائی کے کمیشن اور طبیعات کے قومی مرکز نے مشترکہ طور پر کیا ہے ۔
افتتاحی تقریب قومی مرکز کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی جہاں صرف بانی پاکستان حضرت قائد اعظم کی تصویر آویزاں تھی اور اسٹیج کی پشت پر سمر کالج کے حوالے سے کتبہ تحریر تھا ، اس سمر کالج کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہ ہر سال گزشتہ 36 سال سے پوری باقاعدگی سے منعقد ہوتا ہے اور اس میں طبیعات کے عالمی ماہرین شرکت کرتے ہیں شرکاء میں بیک وقت امریکی اور چینی بھی شامل ہوتے ہیں۔
تقریب گاہ میں وزیراعظم کی آمد پر قومی ترانہ بجایا گیا۔ سائنس و ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر چنگیز جمالی اور اسٹرٹیجک پلان ڈویژن کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل خالد احمد قدوائی نے خصوصی دعوت پر سمر کالج کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعظم گیلانی جو آزاد کشمیر کے انتخابی نتائج پر بہت مسرور دکھائی دے رہے تھے ایم کیو ایم کے حتمی فیصلے سے آگاہ نہیں تھے تاہم انہیں اس بارے میں اشارے مل چکے تھے۔
تقریب میں ایک طرف بیٹھے صحافی وزیراعظم کو خوش دیکھ کر توقع کر رہے تھے کہ وہ ان سے تقریب کے اختتام پر گفتگو کرینگے لیکن منتظمین نے چابکدستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وزیراعظم کو آڈیٹوریم سے ملحق مطالعہ گاہ میں بٹھا دیا جہاں ان سے مختلف ممالک سے آئے سائنسی ماہرین اور انجینئرز نے ملاقاتیں شروع کر دیں۔

شکریہ جنگ سرچ ایبل اہم خبریں