پشاور: 04 جون: گورنمنٹ کالج پپی میں بی اے کے سالانہ امتحانی ہال میں ایک طالب علم کی نقل نہ چھوڑنے پر زبردست ہلڑ بازی۔ امتحانی عملے کے ساتھ ہتک آمیز رویہ اور مکوں اور گھونسوں کا استعمال، اپنے اور چند ساتھیوں کے پرچے پھاڑ دیے۔ امتحانی ہال سے نکل کر ہال کے دروازوں اور شیشوں پر پتھراو کیا۔ پرنسپل کےمنع کرنے پر طالب علم نے پرنسپل کو بھی زود و کوب کیا۔ پپی پولیس نےرپورٹ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ ڈگری کالج پپی کے پرنسپل پروفیسر مسرور شاہد نے اپنی تحریری رپورٹ میں پولیس کو بتایا کہ بی اے کے امتحان شروع ہیں اور آج انگلش پارٹ ون کا پیپر تھا۔ ایک طالب علم محمد شہنشاہ ولد بدر زمان سکنہ خدڑیزی پپی جو کالج کا فورتھ اییر کا سٹوڈنٹ ہے اور اس کا پارٹ ون انگلش کا پرچہ فیل تھا کے بارے امتحانی ہال کے سپرنٹنڈنٹ پروفیسر خالد نے اسے بتایا کہ مذکورہ طالب علم جو زبردستی نقل کر رہا تھا اور ہال میں نظم و ضبط کی خلاف ورزی کر رہا تھا جس پر اسے روکا گیا۔ چنانچہ مذکورہ طالب علم نے ہلڑ بازی شروع کی جس پر اسے روکا گیا تو اس نے اپنے اور چند طالب علموں کے پرچے پھاڑ دیے۔ اور امتحانی عملے کو مکوں اور گھونسوں سے مارا اور بعد ازاں امتحانی ہال کے دروازوں پر پتھراو شروع کیا۔پرنسپل نے اسے منع کیا جس پر محمد شہنشاہ نے پرنسپل کو بھی زودوکوب کیا اور اسے زمین پر گرا کر زخمی کر دیا۔ پولیس نے پرنسپل کی تحریری رپورٹ پر تفتیش شروع کر دی۔
شکریہ مشرق