پاکستان کی امیدیں نوجوانوں سے وابستہ ہیں

کراچی: 07 جون: جماعت اسلامی کراچی کے تحت غربت، مہنگائی، بیروزگاری، لوڈشیڈنگ، بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ، حکمرانوں کی امریکا نواز پالیسیوں، امریکی مداخلت کے خلاف اور پاکستان میں بابر کت اسلامی انقلاب کےلئے تبت سینٹر پر ہونےوالے دو روزہ دھرنے کے آخری روز خطاب کرتے ہوئے ناظم اعلی اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان سید عبدالرشید نے کہاکہ ہم نے پاکستان اس لیے حاصل کیا تھا کہ اللہ کے نظام کو نافذ کریں گے۔ لیکن آج قیام پاکستان کے نظریے کو فراموش کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی روشنیوں کا شہر تھا مگر آج ہر ہفتے ماتم کی محفل سجتی ہے، معصوم شہریوں کو خاک و خون میں نہلایا جارہا ہے۔ ایک طرف ڈرون حملے کیے جارہے ہیں تو دوسری جانب کراچی میں خون بہایا جارہا ہے۔ امریکا کے غلام حکمرانوں نے قوم کی بیٹی عافیہ صدیقی کو امریکا کے حوالے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں اور حکمرانوں نے عوام کو مایوس کیا ہے۔ اب عوام کو حکمرانوں سے کوئی امید نہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کا مستقبل اسلامی انقلاب سے وابستہ ہے۔ پوری عوام بالخصوص طلبہ اسلامی انقلاب کی جدو جہد کیلئے کمر بستہ ہوجائیں۔ ڈرون حملے، بدامنی، بےروزگاری اور ناانصافی سے نجات حاصل کرنے کےلئے قرآن کے نظام کو نافذ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ امت مسلمہ اور پاکستان کی امیدیں اب نوجوانوں سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہ ہم ملک کو مسائل کے انبار اور مصائب کے بھنور سے نکالنے کیلئے نوجوان طبقہ بالخصوص طلبہ برادری کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ نے نوجوانوں اور پاکستان کے مستقبل کو روشن وتابناک بنانے کیلئے 15 تا 17 اکتوبرکو شہرلاہور میں کل پاکستان اجتماع عام کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ " امید بنو، تعمیر کرو، سب مل کر پاکستان کی" کے سلوگن کے تحت اجتماع عام میں بھرپور شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اجتماع عام صبح روشن کی نوید بنے گا۔ جس میں لاکھوں طلبہ شرکت کرینگے۔