اسلام آباد: 19 مئی: وزیر اعلی گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا ہے کہ جو بھی گلگت بلتستان کے مفاد کی بات کرے گا اسے خوش آمدید کریں گے۔ گلگت بلتستان کسی ایک کا نہیں ہم سب کا ہے۔ خطہ کی تعمیر و ترقی کے ہم سب کو مل جل کر کام کرنا ہو گا۔ اساتذہ قوم پر رحم کر کے سکولوں میں معیاری تعلیم کے لئے حقیقی معنوں میں کام کریں۔ معیار تعلیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ 80 ہزار روپے تنخواہ لینے والے ٹیچر کے بچے سرکاری سکولوں کی بجائے پبلک سکولوں مین تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ اساتذہ اپنے مطالبات کے لئے احتجاج کے ساتھ ساتھ اپنی پیشہ ورانہ سرگرمیوں پر بھی توجہ دیں۔ وہ بدھ کو یہاں فیض آباد نومل میں گلگت بلتستان کی تاریخ میں پہلے پولی ٹیکنیکل کالج کے سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ سید مہدی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی عوامی حکومت جو کہتی ہے اس پر عمل بھی کیا جاتا ہے جلد ہی انجینئرنگ کالج کے منصوبے پر بھی عمل درآمد کیا جائے گا۔
شکریہ ایکسپریس