آزاد کشمیر: 14 مارچ: جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے سابق امیر سردار اعجاز افضل خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ آزاد خطے سے کرپشن، بدانتظامی ، اقربا پروری اور استحصالی کے خاتمے کے لئے انقلاب کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں نوجوانوں کو نظام عدل کی بالادستی کے لئے متحرک کردار ادا کرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز راولا کوٹ کے نواحی قصبے میدان میں انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک اسٹڈیز کے زیر اہتمام جامع مسجد میدان میں سیر ت کانفرنس سےخطاب کرتے ہوئے کہی۔ سیرت کانفرنس سے جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے نائب امیر ڈاکٹر خالد محمود، سجاد انور، مولانا رفیق، سردار خورشید اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ سردار اعجاز افضل نے کہا کہ خطے میں نظام عدل کے قیام کے لئے حضور اکرم کی تعلیمات موجود ہیں جب تک ان تعلیمات کی روشنی میں ایک بہترین نظام قائم نہیں ہوتا، استحصال ، بدامنی، کرپشن لاقانونیت موجود رہے گی۔ انہوں نے نوجوانوں پرزور دیا کہ وہ سیرت رسول کی روشنی میں نظام عدل کے قیام کے لئے متحرک جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسی صورت میں ہم کشمیر کی جدوجہد آزادی کو منزل کی طرف لے جا سکتے ہیں۔
شکریہ جنگ