اسلام آباد: 15 مارچ: وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی طرف سے اساتذہ کی اگلے گریڈ میں ترقیوں کا پیر کے روز بھی اعلان نہیں ہو سکا۔ اس ضمن میں شیڈول ٹیچرز ایسوسی ایشن کی ڈیڈ لائن 15 مارچ کو ختم ہو رہی ہے۔ ایسوسی ایشن نے اساتذہ کی ہڑتال ختم کرنے کے لئے ڈیڈ لائن مقرر کی تھی کہ 15 مارچ کو اساتذہ کی ترقیوں کے اعلان پر عمل درآمد کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہوا تو اساتذہ دوبارہ ہڑتال کریں گے۔ ذرائع کے مطابق پیر کے روز بھی ایسوسی ایشن کے عہدیدار وزارت تعلیم میں بیٹھے رہے مگر سیکرٹری تعلیم کابینہ کے اجلاس کی وجہ سے وزارت تعلیم میں نہ آئے، جب نمائندہ جنگ نے ان کے دفتر رابطہ کیا تو ان کے پی اے نے بتایا کہ وہ کابینہ کے اجلاس میں گئے ہیں۔ ادھر فیڈرل ٹیچرز ایسوسی ایشن اور پرنسپل ایسوسی ایشن کا مشترکہ اجلاس بدھ کے روز طلب کر لیا گیا ہے جس میں نوٹیفکیشن نہ ہونے کی صورت میں مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
شکریہ جنگ