ورکنگ فوکس سکول کے اساتذہ کا مظاہرہ

پشاور: 29 مارچ: ورکنگ فوکس گرائمر ہائر سیکنڈری سکول نورنگ کے ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ بازووں پر سیاہ پٹیاں باندھے ملازمین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور انہوں نے شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محمد ہارون، دوست علی، سبز علی نوید ،ملک صلاح الدین، علیا فاروق، محمد مقصود اور حنیف اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت صوبہ بھر میں ورکرز ویلفئر بورڈ کے تحت متعدد تعلیمی ادارے چل رہے ہیں جن میں مزدوروں کے بچوں کو تعلیم دی جاتی ہے ۔ ان اداروں کو قائم ہوئے دس سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا لیکن ابھی تک ملازمین بنیادی ڈھانچے سے محروم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کو وزیراعظم کے اعلان کے باوجود مستقل کیا گیا نہ ہی انہیں جائز ترقیاں دی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے مطالبات پورے ہونے تک یہ احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ صوبوں کو منتقل نہ کیا جائے کیونکہ اس طرح بلوچستان اور خیبر پختون خواہ کے مزدوروں کو شدید نقصان پہنچے گا۔ سوات میں قائم نیم سرکاری تعلیمی ادارے ورکنگ فوکس گرائمر سکول کے اساتذہ اور غیر تدریسی عملے نے بھی اگلے گریڈ میں ترقی اور سروس سٹرکچر کی منظوری کے لئے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انہیں ان کے حقوق فراہم کئے جائیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر بچوں کو بہترین تربیت کر سکیں۔

شکریہ مشرق