تعلیم کو اپنی پہلی ترجیح بنانا ہو گا

آزاد کشمیر: 29 مارچ: وائس چانسلر آزاد کشمیر یونیورسٹی ڈاکٹر حبیب الرحمان نے کہا ہے کہ اگر ہم نے اپنے کل کو روشن کرنا ہے توہمیں بحیثیت قوم تعلیم کو اپنی پہلی ترجیح بنانا ہو گا۔ اس کےلئے والدین کی طرح حکومت کو بھی اپنا تعلیمی بجٹ جو 2 فیصد ہے بڑھانا ہو گا کیونکہ والدین اپنی آمدنی کا 60 فیصد بچوں کی تعلیم پر خرچ کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو الٹی آف ایجوکیشن کی بہتری کے لئے اقدامات کرے تاکہ ہم جلد اپنی کھوئی ہوئی میراث حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سیاسی جماعتیں تعلیم کے لئے کوئی پلاننگ اور لائحہ عمل نہیں رکھتیں جو کہ ایک المیہ ہے۔ انہوں نے گولڈ میڈل لینے والے بچوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ جاگی آنکھوں سے خواب دیکھیں اور ان کو حقیقت کا رنگ دینے کے لئے جت جائیں تاکہ آپ ہمارا کل شاندار بتانے میں کامیاب ہو سکیں کیونکہ عظیم مقصد کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔ ان سے قبل شاہد رفیق، طارق کیانی اور حافظ محمد الیاس سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔

شکریہ جنگ