مردان: 20 جولائی: عبدالولی خان یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احسان علی نے ضلع بونیر کا دورہ کیا اور یونیورسٹی کے مجوزہ کیمپس کے لئے مختلف سائٹس کا جائزہ لیا۔ وائس چانسلر نے کیمپس کے قیام کے حوالے سے علاقے کی مختلف شخصیات اور عمائدین سے ملاقات بھی کی اور ان کی آراء معلوم کی۔ وائس چانسلر نے اے این پی بونیر کے ضلعی صدر قریب الرحمان ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری میاں سعید لائق شاہ سابق صوبائی وزیر محمد کریم بابک، سابق ضلعی ناظم حاجی روف خان اور دیگر معززین علاقہ سے ملاقات کی۔ مردان کے سابق ضلع ناظم حمایت اللہ مایار اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن ایاز ہوتی بھی وائس چانسلر کے ہمراہ تھے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احسان علی نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی امیر حیدر خان ہوتی اور صوبائی وزیر تعلیم سردار حسین بابک کی خواہش ہے کہ بونیر میں جلد از جلد یونیورسٹی کیمپس قائم ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ کیمپس کےلئے جگہ کا انتخاب ہوتے ہی یونیورسٹی ماہ ستمبر سے باقاعدہ طور پر کلاسوں کا اجراء کرے گی۔ اس موقع پر سابق ضلعی ناظم حاجی روف خان نے وائس چانسلر اور ان کے وفد کے اعزاز میں پر تکلف ظہرانہ دیا۔
شکریہ آج پشاور 12