پشاور: 21 جولائی: صوبائی وزیر تعلیم سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختون خواہ میں طالبات کی شاندار کامیابی تعلیم دشمن عناصر کے منہ پر زور دار طمانچہ ہے۔ تعلیم اور شعور کا نام و نشان مٹانے والوں کے لئے اس سے بڑا پیغام کوئی نہیں کہ پشاور بورڈ میں طالبات نے شاندار کامیابی دکھائی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سیکنڈری بورڈ کے زیر اہتمام ایف اے، ایف ایس سی سالانہ نتائج کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی بہتری صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ اس کے لئے پوری قوم اور بالخصوص والدین کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
انہوں نے پوزیشن ہولڈرز طلباء اور طالبات کے والدین کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ بچیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں تاکہ ملک کی ترقی میں نوجوانوں کے شانہ بشانہ خواتین بھی اپنے حصے کے فرائض انجام دیں ۔ بعد ازاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم پرائیویٹ سیکٹر اور سرکاری سیکٹر کا موازنہ نہیں کر رہے بلکہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی کامیابی بھی دراصل حکومت اور تعلیمی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم کے شعبہ کی بہتری کےلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور بڑی حد تک اس میں شفافیت آ چکی ہے۔ تقریب سے خطاب میں چیئرمین بورڈ شفیع آفریدی نے سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ آخر میں مہمان خصوصی نے پوزیشن ہولڈرز میں انعامات اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔
شکریہ مشرق پشاور کی خبریں