پشاور: 22 جولائی: خیبر پختون خواہ کے گورنر بیرسٹر مسعود کوثر نے کہا ہے کہ طب کا پیشہ اپنی نوعیت کی نازک ذمہ داریوں کی بناء پر معاشرے میں بہت اہمیت کا حامل ہے اور یہ امر یقینا حوصلہ افزاء ہے کہ متعلقہ اداروں کی جانب سے اس شعبہ کے طالب علموں میں اس حوالے سے احساس اجاگر کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام حال ہی میں میڈیکل کالجوں کے طلبا و طالبات کے لئے تیار کردہ اسلامیات کا نصاب متعلقہ پرنسپلوں کے حوالے کرنے کی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ بلاشبہ اسلامی تعلیمات مریضوں کے علاج معالجے کے حوالے سے تحقیق و رہنمائی کے ساتھ ساتھ طب کے طالب علموں کی اخلاقی تربیت کا بھی وسیلہ ہیں۔
خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد حفیظ الہ نے اس موقع پر میڈیکل کالجوں کے طلباء و طالبات کے لئے وضع کردہ اسلامیات کے نصاب کے خدوخال، یونیورسٹی کی کارکردگی اور صوبے میں اس ادارے کے زیر اہتمام تحقیق و تدریس کے سلسلے میں جاری کوششوں سے آگاہ کیا۔ گورنر نے کہا کہ کوئی بھی شخص جس کے کاندھوں پر ذمہ داریاں عائد ہوں، درحقیقت ایک اعتماد کا امین بن جاتا ہے اور اس حقیقت کے پیش نظر طب کے پیشے سے وابسہت شخصیات معاشرے کی توقعات پر پورا اترنے کے سلسلے میں بہت اہم کردار اور ذمہ داریوں کے حامل ہیں۔ انہوں نے اس امید کااظہار کیا کہ میڈیکل کالجوں کے لئے اسلامیات کا نیا نصاب طب کے شعبے کے طلباء و طالبات کے مطلوبہ معیار کے مطابق کردار سازی یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہو گا۔
بعد ازاں گورنر نے صوبے کے بعض میڈیکل کالجوں کے پرنسپلوں کو اسلامیات کے نصاب کی نقول باقاعدہ طور پر حوالے کیں۔
شکریہ مشرق قومی خبریں