کوئٹہ: 01 مارچ: کوئٹہ سمیت صوبے کے سرد علاقوں میں موسم سرما کی تعطیلات کے بعد گیس بجلی پانی فرنیچر سمیت دیگر سہولیات سے محروم سرکاری و نجی تعلیمی ادارے آج کھل رہے ہیں۔ نجی تعلیمی اداروں نے من مانیاں جاری رکھتے ہوئے داخلے اور فیسوں میں اضافہ کر دیا۔ صوبائی وزیر تعلیم نے مئی تک تمام سرکاری سکولوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے اور داخلہ فیسوں میں اضافہ کرنے والے نجی سکولوں کے خلاف کاروائی کی یقین دہانی کرا دی۔ تفصیلات کے مطابق ڈھائی ماہ کی تعطیلات کے بعد کوئٹہ سمیت صوبے کے سرد علاقوں کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں آج سے درس و تدریس کا عمل شروع ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ سرکاری نجی تعلیمی اداروں میں داخلے اور فیسوں میں ہوشربا اضافہ بھی کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی وزیر تعلیم طاہر محمو دخان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ سمیت صوبے کے سرد علاقوں میں تعلیمی سرگرمیاں آج سے شروع ہو جائیں گی۔ جب کہ تعلیمی اداروں میں سہولیات کی فراہمی کے لئے بنائی گئی کمیٹیوں نے اپنی رپورٹس تیار کر لی ہیں۔ سرکاری سکولوں میں چالیس کروڑ روپے کا فرنیچر فراہم کر دیا جائے گا۔
شکریہ جنگ