گرلز کالج لوند خوڑ غیر معینہ مدت کے لئے بند

مردانَ: 03 مارچ: گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج لوند خوڑ کو بم دھماکہ کے بعد غیر معینہ مدت کے لئے بند کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ روز گرلز ڈگری کالج پر تقریب کے دوران فائرنگ اور دستی بموں کے پھینکنے کے بعد گرلز کالج کی انتظامیہ نے کالج کو غیر معینہ مدت کے لئے بند کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ منگل کے روز رونما ہونے والے دہشت گردی کے واقعات میں ایک ڈرائیور سمیت 38 طالبات اور ٹیچرز زخمی ہوئی تھیں۔ جب کہ کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔ حملہ کے بعد گزشتہ روز گرلز سکولوں اور کالجوں میں حاضری انہتائی کم رہی اور علاقے میں سخت خوف و ہراس پھیلا رہا جب کہ دوسری طرف پولیس و انتظامیہ نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر جگہ جگہ ناکہ بندی کر رکھی تھی۔ سکولوں اور کالجوں کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ دریں اثناء گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج لوند خوڑ میں دستی بموں کے حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والی 28 طالبات کو مردان ہسپتالوں سے صحت یابی کے بعد فارغ کر دیا گیا۔

شکریہ مشرق