مارچ 11: بنوں: انٹر یونیورسٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں بنوں یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے 27 سال سے چیمپئن پنجاب یونیورسٹی کو اولین مرحلے میں ہی ایونٹ سے باہر کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بنوں نے سرگودھا میں ہونے والے آل پاکستان انٹر یونیورسٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں پنجاب یونیورسٹی کی ٹیم کو تیس رنز سے ہرا کر کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔
بنوں یونیورسٹی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 35 اوورز میں 147 رنز بنائے۔ آصف کے 29، جاشف جت 27 اور حبیب کے 21 رنز شامل تھے جس کے جواب میں پنجاب یونیورسٹی کی ٹیم 34 ویں اوور میں 117 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔ بنوں یونیورسٹی کے باولرز ذیشان ، کاشف، واحد اور عرفان نے 2،2 جب کہ جنید نے ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ پنجاب یونیورسٹی کی ٹیم پچھلے 27 سال سے مسلسل آل پاکستان انٹر یونیورسٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کی فاتح چلی آ رہی تھی۔ ٹیم کی کامیابی کے موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عصمت اللہ خان نے ڈائریکٹر سپورٹس عبید اللہ خان اور یونیورسٹی کی ٹیم کو مبارکباد دی۔ بنوں یونیورسٹی ٹیم کوارٹر فائنل میں اج اسلامیہ کالج کے خلاف کھیلے گی۔
شکریہ ایکسپریس