جامعہ زکریا انسٹیٹیوٹ آف بینکنگ میں ڈیجیٹل لائبریری کا افتتاح
ملتان : بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فنانس میں ڈیجیٹل لائبریری کا افتتاح کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصو را کبر کنڈی نے کہا ہے کہ بے شک آج زمانہ ڈیجیٹل اور الیکٹرانک لائبریری کا ہے ، دنیا میں تازہ ترین شائع ہونے والے رسائل، جرائد، قنڈل اور ایمازون کے ذریعے تمام اچھے طالب علمو ں کے کمپیوٹر اور موبائل کے ذریعے ڈاؤن لوڈ ہوسکتے ہیں۔ اس سلسلہ میں نہ صرف ہائر ایجوکیشن کمیشن بلکہ بہت سے بینک مالیاتی ادارے ملکی و غیر ملکی جامعات سے تعاون کررہے ہیں ۔ ڈیجیٹل لائبریری میں سب سے بڑی سہولت یہ ہے کہ ایک کلک پر طلبہ کو جدید کتابیں میسر ہوں گی جس سے ریسرچ کو مدد ملے گی ۔ڈین فیکلٹی آف کامرس ، لا اینڈ بزنس ایڈمنسٹریشن وڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فنانس پروفیسر ڈاکٹر محمد شوکت ملک نے کہا کہ آج معیشت پلاننگ اور افرادی قوت کی تربیت کے لئے نہ صرف پاکستان بلکہ ترقی پذیر ممالک کے بارے میں تمام معلومات طالب علموں اور استادوں کی دسترس میں ہونی چاہیے ۔انہو ں نے کہاکہ ایم فل اور پی ایچ ڈی سکالر ز کی ریسرچ کے لئے نشستیں مخصوص کی گئی ہیں جس سے وہ بھرپور مستفیذ ہوں گے ۔
حوالہ: یہ خبر روزنامہ دنیا ملتان کی ویب سائٹ پر مورخہ 19 اکتوبر 2020 کو شائع ہوئی