624 طلبا میں 3کروڑ 60لاکھ مالیتی چیک کی تقسیم شروع زرعی یونیورسٹی فیصل آباد
فیصل آباد: زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے سب کیمپس بوریوالہ/وہاڑی میں پرائم منسٹر فیس ری امبرسمنٹ سکیم کے تحت 624 طلبا میں 3کروڑ 60لاکھ روپے مالیت کے چیک کی تقسیم کا عمل شروع کردیا گیا ہے ۔ اس حوالے سے پسماندہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے نوجوان طلبا میں چیک تقسیم کرنے کی ابتدائی تقریب میٹنگ روم میں منعقد ہوئی جس میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز) نے مہمان خصوصی کے طو رپر طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا
یونیورسٹی انتظامیہ کوشاں ہے کہ پسماندہ اضلاع اور غریب خاندان کے باصلاحیت نوجوان محض وسائل نہ ہونے کی وجہ سے اعلیٰ تعلیم سے محروم نہ رہ جائیں۔ یونیورسٹی ہر سال پسماندہ اضلاع خصوصاًجنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ذہین اور باصلاحیت نوجوانوں میں کروڑوں روپے کے وظائف تقسیم کرتی ہے تاکہ انہیں آگے بڑھنے کیلئے وہ تمام سہولتیں اور ماحول میسر کیا جائے جس کے ساتھ وہ بڑے شہروں کے نوجوانوں سے مقابلہ کر سکیں۔
انہوں نے بتایا یونیورسٹی نے بورے والہ وہاڑی کیمپس میں 2017 کے دوران 60لاکھ کے چیک مستحق طلبا میں تقسیم کئے ہیں جن کی وجہ سے انہیں اعلیٰ تعلیم میں پیش رفت کیلئے وسائل میسر آئے ۔ تقریب میں سب کیمپس کے پرنسپل ڈاکٹر ساجد محمود ندیم، سیکرٹری ٹو وائس چانسلرمحمد جمیل اور سب کیمپس کے طلبا ، اساتذہ و سٹاف نے شرکت کی۔
حوالہ: یہ خبر روز نامہ دنیا فیصل آباد ایڈیشن میں مورخہ 26 جولائی 2019ء کو شائع