پاکستان کے صدر مملکت کو یکساں قومی نصاب پر بریفنگ
اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تعلیمی شعبے میں تفریق ختم کرنے کیلئے یکساں قومی نصاب کا نفاذ یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے
کہ طلبہ میں کردار سازی، تنقیدی اور تخلیقی سوچ فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی جائے، ملکی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے معیاری اور تحقیق پر مبنی تعلیم دینا ضروری ہے۔وہ بدھ کو یہاں ایوانِ صدر میں یکساں قومی نصاب پر بریفنگ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
اس موقع پروفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے صدر مملکت کو بتایا گیا کہ تعلیمی سال 22۔2021 کے دوران پہلی سے پانچویں جماعت کے طلباء کے لئے نیا نصاب متعارف کرایا جائے گا، دُوسرے مرحلے میں چھٹی سے آٹھویں جماعت اور تیسرے مرحلے میں نویں سے بارہویں جماعت کے لئے نصاب کی تیاری شروع کردی ہے۔
یکساں قومی نصاب نجی شعبے، دینی مدارس سمیت تمام وفاقی اکائیوں اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے۔ بریفنگ کے مطابق یکساں قومی نصاب قرآن و سنت ، آئین ، قومی پالیسیاں اور قومی معیارات پر مرکوز ہوگا۔