The duration of board exams will be two hours instead of three hours, Education Minister said
امتحانات کا دورانیہ تین کے بجائے دو گھنٹے ہوگا، وزیرِ تعلیم
وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ امتحانات کا دورانیہ تین گھنٹے کے بجائے دو گھنٹے ہو گا،
تیس فیصد طویل اور بیس فیصد مختصر سوالات دیے جائیں گے، ایم سی کیوز کو50 فیصد کر دیا گیا ہے۔
وزیرِ تعلیم سندھ سعید غنی کی زیرِ صدارت کراچی میں محکمۂ تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا
کہ کورونا وائرس کی وباء کی دوسری لہر کے باعث بند اسکول پیر یکم فروری سے مکمل ایس او پیز کے ساتھ کھلیں گے۔
اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِ تعلیم سندھ سعید غنی نے بتایا کہ صوبے بھر میں پہلی سے آٹھویں جماعت کے امتحانات 7 جون سے ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات یکم جولائی سے شروع ہوں گے جو 15 جولائی تک جاری رہیں گے۔
سعید غنی نے بتایا کہ گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات کا آغاز 28 جولائی سے ہو گا، یہ امتحانات 16 اگست تک جاری رہیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ پریکٹیکل اب اسکولوں اور کالجوں میں ہی ہوں گے، تمام بورڈز امتحانات کے نتائج 90 روز میں تیار کریں گے، میٹرک کا رزلٹ 15 ستمبر کو جاری کیا جائے گا۔
وزیرِ تعلیم سندھ سعید غنی نے مزید بتایا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ امتحانات کے دوران بھی کورونا ایس او پیز کا خاص خیال رکھا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ محکمۂ تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ ایس او پیز پر عمل در آمد کے لیے ضلعی انتظامیہ سے مدد طلب کی جا سکتی ہے۔