PakStudy :Yours Study Matters

Education News / Students Organisation => Education News => Education News from Sindh => Topic started by: گل on September 18, 2008, 09:02:29 PM

Title: نجی میڈیکل کالجز کی جانب سے بھاری فیسوں کی وصولی، 10 فیصد فری شپ کیلئے اجلاس طلب
Post by: گل on September 18, 2008, 09:02:29 PM

 
نجی میڈیکل کالجز کی جانب سے بھاری فیسوں کی وصولی، 10 فیصد فری شپ کیلئے اجلاس طلب
   
کراچی(محمدعسکری… اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی نے نجی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں مستحق اور ذہین طلبہ کو 10 فیصد فری شپ/ اسکالر شپ دینے اور زائد فیس کی وصولی کے مسلے کے حل کیلئے الحاق شدہ 6 نجی کالجوں کا اجلاس عیدالفطر کے بعد طلب کرلیا ہے جامعہ کراچی کی الحاق کمیٹی کے مطابق طلبہ کی سہولت کے لیے ضمنی اور سالانہ امتحان میں ایکس یا رپیٹر امیدوار سے فیس لینے پر پابندی عائد کردی گئی ہے الحاق کمیٹی کے ذرائع کے مطابق نجی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز کے فیس کے ڈھانچے میں بڑا فرق ہے لیاقت نیشنل میڈیکل کالج اور التمش کالج آف ڈینسٹری کی فیسیں دیگر کالجوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہیں۔ الحاق کمیٹی کے ذرائع کے مطابق گزشتہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ التمش کالج آف ڈینسٹری مزید نشستوں کے لیے جامعہ سے رجوع کرسکتا ہے تاہم زیادہ نشستوں کی صورت میں اسے اپنی فیسوں میں نمایا کمی کرنی ہوگی۔ اجلاس میں لیاقت نیشنل میڈیکل کالج کے پرنسپل سے کہا گیا کہ وہ ہر سال فیسوں میں اضافہ نہ کریں اور اپنی فیسوں میں کمی کریں اس سلسلے میں کالج پرنسپل کو بورڈ آف ٹرسٹیز سے مشاورت کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ داخلے کے وقت جو فیس ہوگی اس بیچ کے پاس ہونے تک اسے برقرار رکھا جائے گا کوئی کالج بھی کلینکل چارجز اور کسی اور چارجز کی مدمیں فیس وصول نہیں کرے گا اجلاس میں فارج ایکسچینج کی مدمیں بہت زیادہ فیس کی وصولی کا نوٹس لیا گیا اور طے کیا گیا کہ فارن ایکسچینج فیس پاکستانی فیس کے قریب ترین ہوگی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کالجوں میں رعایت/ اسکالرشپ پروگرام متعارف کراتے جائیں گے جناح میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر طارق سہیل نے بتایاکہ ان کے کالج میں 50 مستحق اور ذہین طلبہ کو 50 ہزار تا 70 ہزار روپے کی اسکالر شپ دی جاتی ہے۔ اس وقت لیاقت نیشنل میڈیکل کالج کی داخلہ فیس 50 ہزار روپے، سالانہ ٹیوشن فیس 3 لاکھ 75 ہزار روپے، سیکورٹی ڈپازٹ کے 10 ہزار روپے، لائبریری فیس کے 5 ہزار روپے کھیل کی فیس 5 ہزار، سماجی پروگرامز کی فیس 5 ہزار ہے جو پہلے سال کی کل ملاکر چار لاکھ 50 ہزار روپے بنتی ہے، التمش انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل میڈسن کی داخلہ فیس 75 ہزار، ٹیوشن فیس 3 لاکھ 95 ہزار اور سیکورٹی ڈپازٹ فیس 25 ہزار روپے بنتی ہے جو پہلے سال کی کل ملاکر 4 لاکھ 95 ہزار بنتی ہے۔ سرسید کالج آف میڈیکل سائنسز فار گرلز کی داخلہ فیس 35 ہزار روپے، ٹیوشن فیس 2 لاکھ 95 ہزار روپے، سیکورٹی ڈپازٹ 5 ہزار روپے، لائبریری فیس 3 ہزار روپے اور سماجی پروگرامز کی فیس 4 ہزار 5 سو روپے بنتی ہے پہلے سال کل ملاکر 3 لاکھ 75 ہزار روپے وصول کئے جاتے ہیں۔ لیاقت کالج آف میڈیسن اینڈ ڈینسٹری کی داخلہ فیس 50 ہزار روپے، ٹیوشن فیس 2 لاکھ 70 ہزار روپے، کل ملاکر پہلے سال کی فیس 3 لاکھ 20 ہزار روپے لی جاتی ہے۔ جناح میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی داخلہ فیس 50 ہزار روپے اور ٹیوشن فیس 2 لاکھ 75 ہزار روپے وصول کی جاتی ہے جبکہ سال کی کل فیس 3 لاکھ 25 ہزار روپے ہے۔ فاطمہ جناح ڈینٹل کالج کی داخلہ فیس ایک لاکھ روپے ، ٹیوشن فیس 3 لاکھ روپے اور سماجی پروگرامز کی فیس 10 ہزار روپے وصول کی جاتی ہے جو پہلے سال کی کل ملاکر 4 لاکھ 10 ہزار روپے بنتی ہے۔



شکریہ جنگ