PakStudy :Yours Study Matters

Education News / Students Organisation => Students Organisation In Pakistan => ISO Pakistan => Topic started by: عادل on September 27, 2008, 11:14:47 PM

Title: اندرون سندھ: جمعة الوداع مذہبی جوش و جذبے سے منایاگیا، یوم القدس کے سلسلے میں ر
Post by: عادل on September 27, 2008, 11:14:47 PM

 
اندرون سندھ: جمعة الوداع مذہبی جوش و جذبے سے منایاگیا، یوم القدس کے سلسلے میں ریلیاں

   
سکھر + خیرپور + نوشہرو فیروز (بیورورپورٹ + نامہ نگاران) اندرون سندھ جمعتہ الوداع مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا، مرکزی مساجد، امام بارگاہوں سمیت دیگر مساجد میں ملک کی ترقی اور خوشحالی ، اسلام کی بالادستی امن اور بھائی چارگی کیلئے خصوصی طور پر دعائیں مانگی گئیں، سکھر میں پولیس کی جانب سے سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے تھے، جمعتہ الوداع کے اجتماعات والی مساجد اور امام بارگاہوں کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی جبکہ مساجد کے باہر سادہ لباس میں پولیس اہلکار تعینات تھے جو مشتبہ افراداور گاڑیوں کی چیکنگ کرتے رہے،
دریں اثناء شیعہ ایکشن کمیٹی ، شیعہ علماء کونسل،امامیہ،اصغریہ اور جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے یوم القدس کے حوالے سے اسرائیل مردہ باد ریلی حیدری مسجد پرانا سکھر سے نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی سکھر پریس کلب پہنچی جہاں امریکہ اور اسرائیل کے پرچم اور پتلے نذر آتش کئے گئے، ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سید طاہر حسین شاہ موسوی،علامہ علی بخش سجاد ی،میر غلام صادق تالپور،مولانا لیاقت علی سمیت دیگر رہنماؤں نے کہا کہ دنیا میں بدامنی اور دہشتگردی اسرائیل کی ناجائز حکومت کی وجہ سے ہے ۔
خیر پوربیت المقدس پر اسرائیلی قبضے کیخلاف جمعة الوداع کو یوم القدس ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں شیعہ رابطہ کونسل، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، شیعہ علماء کونسل اور آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے کارکن شامل تھے۔ یوم القدس ریلی امام بارگاہ قصر حسینی سے شروع ہوئی جس کی قیادت میجر ریٹائرڈ سید علی عباس کاظمی، مولانا محسن نقوی، سید حسن عباس کاظمی، مولانا ارشاد حسین نقوی، سید صغیر حسین زیدی، سید مہدی شاہ، مولانا عبدالغفور جانوری، سید علی اصغر، نسیم عباس منتظری اور سید ابن رضا زیدی کر رہے تھے۔

نوشہرو فیروز ضلع نوشہرو فیروز کے شہروں اور قصبات میں جمعة الوداع نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ تقریباً 300 مساجد اور کھلے میدانوں میں جمعة الوداع کی نماز کے اجتماعات ہوئے۔ نماز کے بعد پاکستان کے استحکام اور اس کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ اس موقع پر پولیس کی طرف سے خصوصی حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔

 عمرکوٹ عزا خانہ ابوطالب پانچ پیر سے بیت المقدس کے حوالے سے ریلی سید اشتیاق حسین شاہ کی قیادت میں نکالی گئی۔ اس موقع پر امریکا اور اسرائیل کی مذمت کی گئی اور اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے گئے۔ امام بارگاہوں میں فلسطین اور بیت المقدس کی آزادی کی دعائیں مانگی گئیں۔

 ٹنڈو محمد خان امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (آئی ایس او) ٹنڈو محمد خان کی جانب سے مسجد علی سے یوم القدس ریلی نکالی گئی۔ جس سے مولانا سکندر علی حیدری اور مولانا ادریس کربلائی نے خطاب کیا۔ ہنگورجہ بیت المقدس پر اسرائیلی قبضے اور جارحیت کے خلاف اصغریہ آرگنائزیشن کے کارکنوں نے پنجتنی چوک سے پریس کلب تک ریلی نکالی اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی۔

نصرپوراور گردونواح میں جمعة الوداع کے اجتماعات پولیس کی حفاظت میں منعقد ہوئے۔ اس موقع پر نصر پور سمیت تمام علاقوں کی مساجد اور امام بارگاہوں پر پولیس تعینات تھی جبکہ نصرپور میں جمعة الوداع کے بڑے اجتماعات جامع مسجد اکبری، جامع مسجد نورانی، جامع مسجد شاہجہان میں منعقد ہوئے جہاں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے نماز جمعة الوداع ادا کی۔




شکریہ جنگ