Author Topic: اضافی تعلیم سرگرمیاں  (Read 3675 times)

Offline Haji Hasan

  • Editorial board
  • Hero Member
  • *****
  • Posts: 725
  • My Points +4/-1
  • Gender: Male
اضافی تعلیم سرگرمیاں
« on: December 05, 2007, 06:22:27 PM »
اضافی تعلیم سرگرمیاں

تعلیم و تدریس كے اعلیٰ معیار كو برقرار ركھتے ہوئے كالج میں طلبہ كو اضافی تعلیمی سرگرمیوں كے لیے پورے پورے مواقع فراہم كیے جاتے ہیں تاكہ ان كی ذہنی و جسمانی تربیت ہو سكے۔ داخلی نظام تخمین ﴿Internal Assessment System﴾ میں ان اضافی سرگرمیوں كو بڑی اہمیت حاصل ہے۔

الف جسمانی تربیت اور كھیل:

1   اسلامیہ كالج سول لائنز لاہور كا شمار جس طرح اعلیٰ تعلیمی معیار اور ثقافتی سرگرمیوں كی بنا پر ملك كے صف اول كے اداروں میں ہوتا ہے اسی طرح اس كے نوجوان كھلاڑیوں نے بے مثال فتوحات كی داستانیں بھی رقم كی ہیں۔ اس كے تربیت یافتہ كھلاڑی ہر دور میں بین الاقوامی اولمپك اور ایشیائی كھیلوں میں شریك ہو كر ملك و قوم اور كالج كے لیے اعزاز اور شہرت كا باعث بنتے چلے آ رہے ہیں۔ گذشتہ پچاس برس سے اس ادارے نے بین الاقوامی شہرت كے حامل كئی كھلاڑی پیدا كئے ہیں۔ قومی اور صوبائی سطح پر منعقد ہونے والے مختلف مقابلوں میں اس ادارے كا كوئی ہم پلہ نہیں۔ بورڈ اور پنجاب یونیورسٹی كے زیر اہتمام منعقد ہونے والے مقابلوں میں گذشتہ بیس سال سے ہمارا كالج سر فہرست ہے۔ بلا شبہ یہ عظیم اور قومی درسگاہ كھیلوں كے میدان میں ایك فقید المثال ﴿Legend﴾ حیثیت ركھتی ہے۔

نوٹ:   بعض كھیلوں میں بین الاقوامی شہرت یافتہ كھلاڑیوں كی نگرانی میں تربیت كا انتظام ہے۔ طالب علم كسی بھی كھیل میں اس كھیل كے انچارج كی اجازت سے حصہ لے سكتے ہیں۔

ب    مضامین كی انجمنیں/سوسائٹیاں:

كالج میں تقریباً تمام مضامین كی الگ الگ انجمنیں ہیں۔ ہر انجمن/سوسائٹی كی نگرانی كسی استاد كے سپرد ہوتی ہے۔ وہ اپنی نگرانی میں طلبہ پر مشتمل ایك مجلس تشكیل دیتا ہے، ذہین اور محنتی طلبہ كو ان كی استعداد كے مطابق تفویض كر دیتا ہے۔ ہر مضمون كی مجلس عمل مختلف موقعوں پر تقاریب كا انعقاد كرتی رہتی ہے جن میں كالج كے طلبہ اور اساتذہ كے علاوہ دیگر ممتاز ہستیاں بھی شركت كرتی ہیں۔

ج   غیر نصابی مشاغل:

مجلہ فاران:مضامین كی سوسائٹیاں اور انجمنیں اظہار و بیان كی صلاحیتوں كو نكھارتی ہیں، جبكہ مجلہ فاران شعری و نثری تخلیقات اور فكری كاوشوں كا قلمی منظر نامہ پیش كرتا ہے۔ یہ سالانہ مجلہ ادبی روایات كا حامل ہے۔ اس كے اوراق طلبہ و اساتذہ اور دنیائے علم و فن كے ممتاز قلمكاروں كی نگارشات كا بہار آفریں مرقع ہوتے ہیں۔ اس كے مختلف نمبر آج ادبی دستاویزات كی حیثیت اختیار كر چكے ہیں۔ جن میں حمید احمد خان نمبر، قائد اعظم نمبر، ہجرت نمبر، سیرت نمبر سلور جوبلی نمبر، اقبال نمبر اور گولڈن جوبلی نمبر شامل ہیں۔ فاران میں حصہ اردو اور انگریزی كے لیے علیحدہ علیحدہ صفحات مختص ہیں۔ مجلس ادارت كالج كے اساتذہ اور طلبہ پر مشتمل ہوتی ہے۔ طلبہ كا ایك پینل زیادہ سے زیادہ دو سال كے لیے مجلس ادارت میں شامل رہ سكتا ہے۔

كالج بلیٹن: كالج كا خبر نامہ ہر ماہ شائع ہوتا ہے۔ اس میں تعلیمی امور سے متعلق احكام، پروگرام اور اطلاعات شامل ہوتی ہیں۔ مختلف مضامین كی سوسائٹیوں، ادبی انجمنوں اور غیر نصابی سرگرمیوں كی عكاسی بھی كالج بلیٹن میں شامل ہوتی ہے۔ كسی نوٹس كے بلیٹن میں شامل ہونے كے بعد فرض كر لیا جاتا ہے كہ یہ اطلاع كالج كے تمام طلبہ تك پہنچ گئی ہے۔ طلبہ كے لیے ضروری ہے كہ وہ بغور اس كا مطالعہ كریں اور اس میں درج ہدایات پر عمل پیرا ہوں۔

انگلش سٹڈی سركل: ادبی، تنقیدی نشستوں اور سیمیناروں كا اہتمام كرتا ہے۔

بزم تاریخ: محققین اور مورخین كے ساتھ نشستوں كا انعقاد كرتی ہے اور طلبہ كے لیے معلوماتی ، مطالعاتی اور تفریحی دوروں كا اہتمام كرتی ہے۔

بزم فروغ اردو/پنجابی ادب مجلس: مقالہ خوانی، مشاعرے اور ادبی شخصیات كے ساتھ نشستوں كے انعقاد كا انتظام كرتی ہے۔

ہم نصابی مشاغل كمیٹی ﴿سپیكرز فورم﴾: قرإت، نعت خوانی، تقریر و خطابت، شعر و ادب، گلوكاری، كوئز اور دیگر ثقافتی سرگرمیوں كے میدانوں میں طلبہ كی رہنمائی كرتی ہے تاكہ وہ بین الكلیاتی مقابلوں اور عام تقریبات میں اپنی صلاحیتوں كا بھر پور اظہار كر سكیں۔

ینگ رائٹرز: كالج كے نو آموز ادیبوں اور شاعروں كا حلقہ ہے، جس كے جلسوں ، میں طلبہ اپنی ادبی تخلیقات پیش كرتے ہیں نیز مشاعروں میں تنقیدی نشستوں كا اہتمام كیا جاتا ہے۔

انجمن ہلال احمر: كالج كی ہلال احمر سوسائٹی بہت فعال ہے جو مریضوں كے لیے طلبہ كی طرف سے خون كے عطیات فراہم كرتی ہے۔ ہمارے سابق قاصد غلام حسین مرحوم نے 300سے زائد بیگ خون كا عطیہ دیا تھا جو پاكستان بھر میں ایك ریكارڈ ہے۔ ہمارے طلبہ طلبہ نے بھی فراہمی خون میں، پنجاب كے تمام كالجوں كے مقابلے میں قابل تقلید مثالیں قائم كی ہیں۔

پبلك ریلشینگ كمیٹی :  كالج كی اہم تقریبات كی رپورٹنگ اور پبلسٹی كی ذمہ دار ہے یہ كمیٹی ذرائع ابلاغ سے رابطہ قائم كر كے مختلف سرگرمیوں كی نشر و اشاعت كا اہتمام كرتی ہے۔

فوٹو گرافكس كلب: كالج كی تمام سرگرمیوں كو كیمرے كی آنكھ سے محفوظ كرتا اور یادوں كو دوام بخشتا ہے۔ یہ كلب پریس كمیٹی كے زیر اہتمام كام كرتا ہے۔ مختلف الانواع تقریبات كی تصاویر اخبارات و رسائل، فاران اور بلیٹن كو بر وقت فراہم كرنا اس كلب كی ذمہ داری ہے۔

ہائی كنگ كلب: سیاحت كا یہ كلب ہر سال مقامی اور پہاڑی علاقوں كا پروگرام بناتا ہے۔ پیدل مارچ كے علاوہ خوبصورت كوہساروں كی سیاحت بھی اس كے پروگرام میں شامل ہے۔