لا ء گریجویٹ اسیسمنٹ ٹیسٹ میں پھر سنگین غلطیوں کا انکشاف
اسلام آباد (چوہدری شاہد اجمل)ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذیلی شعبے ایجوکیشن ٹیسٹنگ کو نسل(ای ٹی سی)کی جانب سے منعقدہ لا ء گریجویٹ اسیسمنٹ ٹیسٹ(لاء گریجویٹ)میں ایک مرتبہ پھر سنگین غلطیوں کا انکشاف ہوا ہے، امیدواران کی جانب سے پانچ غلطیوں کی نشاندہی کی گئی مگر ایچ ای سی انتظامیہ نے پانچ میں سے دو غلطیوں کا تسلیم کرتے ہوئے تین غلطیوں کو ماننے سے انکار کر دیاہے،
تا حال گریس مارکس کا تعین بھی نہیں کیا جا سکے تاہم امیدواران کو بذریعہ ای میل مطلع کیا گیا ہے کہ پانچ سو الات میں سے ایک سوال جو خلع سے متعلق تھا اس میں’’خل‘‘تحریر ہو گیا تھا جبکہ’’نو اوفینس‘‘(No offence)کی جگہ غلطی سے’’آن اوفینس‘‘لکھا گیا تھا جو تحریری غلطی تھی جبکہ دیگر تین سوالات کی غلطیوں کے بارے میں انتظامیہ کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اتوار آٹھ دسمبر کو ایجوکیشن ٹیسٹنگ کو نسل کی جانب سے منعقد کردہ لا گریجویٹ ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں بعد ازاں امیدواران نے پانچ غلطیوں کی نشاندہی کر کے انتظامیہ کو باور کرایا کہ مذکورہ پانچ سوالات میں تحریری غلطیاں بھی موجود تھیں اور ’’کوئی بھی ٹھیک نہیں ہے ‘‘کی آپشن بھی موجود نہیں تھی۔
امیدواران کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ جو پانچ سوالات ٹھیک درج نہیں کئے گئے ان میں کئی اہم سوالات نہیں کئے جانا چاہئے، نو او فینس کی آن اوفینس لکھا جانا، خلع سے متعلق سوال، چائنیز بچوں اور دیت سے متعلق سوالات میں بھی غلطیاں موجود تھیں جبکہ چند سوالات میں تو آپشنز بھی مکمل نہیں دی گئی تھیں جس کے باعث امیدواران کو ایسے سوالات جو آتے تھے ان میں بھی تذبذب کا سامنا رہا۔
روز نامہ’’نوائے وقت‘‘ کو دستیاب ای ٹی سی انتظامیہ کی جانب سے امیدواران کو بھیجے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ ای ٹی سی ایکسپرٹ پینل نے امتحانی پرچے کو ریو یو کیا ہے جس کے بعد بتایا جا رہا ہے کہ خلع سے متعلق سوال میں خل تحریر کیا گیا ہے جو عربی کا لفظ ہے ، اسی طرح ایک سوال میں نو اوفینس کی بجائے آن اوفینس تحریر ہے جو تحریری غلطی ہے ، تاہم ان دو غلطیوں کے حوالے سے تمام امیدواران کو امتحانی سنٹر میں پیشگی مطلع کر دیا گیا تھا ۔
امیدواران کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے تا حال گریس مارکس کا نہیں بتایا گیا، چند ماہ قبل لئے گئے امتحان میں بھی اسی قسم کی غلطیاں کی گئی تھیں جس سے امیدواران کے قیمتی وقت کا ضیاع ہو ا تھا اور اب پھر یہی غلطی دہرائی گئی ہے، امیدواران نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ پانچ سوالات کے گریس مارکس دئیے جائیں تاکہ امیدواران کا وقت ضائع ہونے سے بچ جائے۔
حوالہ: یہ خبر روزنامہ نوائے وقت میں مورخہ 18 دسمبر 2019 کو شائع ہوئی