ٹماٹر کی چٹنی، پیسٹ اور کیچپ تیار کرنا
محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایا کہ پاکستان میں ٹماٹر کی پیداوار 4ٹن فی ایکڑ جبکہ دنیا بھر میں ٹماٹر کی اوسط پیداوار 10ٹن فی ایکڑ ہے لہذا اگر ہم جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں تو ہم بھی فی ایکڑ پیداوار میں کم از کم دوگنا اضافہ کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں ٹماٹر کی وافر اور سستے نرخوں پر دستیابی کے باعث اسے محفوظ بنا کر 6ماہ تک استعمال کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے بتایاکہ پنجاب میں اپریل سے جون تک ٹماٹر وافر مقدار میں پیدا ہوتا ہے جو پورے ملک کی ضرورت کو پورا کرتا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ٹماٹر کی پیسٹ بنا کر اسے محفوظ بنایا جا سکتا ہے اسی طرح ٹماٹر کو فریز کرکے بھی مستقبل میں استعمال کیا جا سکتا ہے تاہم فریز کیا گیا ٹماٹر فریزر سے باہر نکال کر فوری طور پر استعمال کر لینا چاہیے۔ انہوں نے بتایاکہ ٹماٹر کو محفوظ بنانا بہت آسان ہے جس کیلئے گھریلو خواتین تھوڑی سی محنت سے ٹماٹر گھر میں پیسٹ اور چٹنی کی شکل میں محفو ظ رکھ سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹماٹر اپنی بھرپور غذائیت کی وجہ سے سبزیوں میں اہم مقام رکھتا ہے جس میں حیاتین اے اور سی، ریبوفلیون، تھایامین، تایاسین اور معدنی نمکیات، لوہا، چونا، فاسفورس وغیرہ کافی مقدار میں پائے جاتے ہیں جو صحت کو برقرار رکھنے کیلئے بہت ضروری ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ ٹماٹر پنجاب بھر میں لیکن مظفرگڑھ میں سب سے زیادہ رقبہ پر کاشت ہوتا ہے جبکہ گوجرانوالہ میں اس کی سب سے زیادہ فی ایکڑ اوسط پیداوار ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ٹماٹر ہر گھر کے کچن کی اہم ضرورت ہے کیونکہ ٹماٹر کی چٹنی، پیسٹ اور کیچپ وغیرہ بھی استعمال کی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اس کی مصنوعات کی مانگ بیرونی ممالک میں بھی دن بدن بڑھ رہی ہے۔