PakStudy :Yours Study Matters

Education News / Students Organisation => Education News => Education News from Sindh => Topic started by: sb on September 26, 2020, 01:05:28 PM

Title: 52 ہزار طلبا سرکاری کالجوں میں داخلوں سے محروم
Post by: sb on September 26, 2020, 01:05:28 PM

52 ہزار طلبا سرکاری کالجوں میں داخلوں سے محروم
 کراچی : محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ نے گیارہویں جماعت میں داخلوں کا اعلان کردیا ہے۔ مرکزی داخلہ پروگرام کے تحت کراچی کے 80کالجوں و ہائر سیکنڈری اسکولوں میل اور 88 کالجز و ہائر سکینڈری اسکولز فیمیل میں گیارہویں جماعت میں داخلوں کا آغاز ہفتہ (آج) سے کیا جا رہا ہے۔ طلبہ کی تعداد زیادہ اور گیارہویں میں داخلے کی نشستیں کم مختص ہیں۔ محکمہ کالجز سندھ نے داخلہ پالیسی جاری کردی، 52 ہزار سے زائد طلبہ سرکاری کالجز میں داخلہ نہیں لے سکیں گے، داخلہ پالیسی کے باعث طالب علم پریشانی کا شکار ہیں۔ محکمہ کالجز نے ایک لاکھ 16 ہزار 340 نشستیں مختص کی ہیں۔ سینٹرلائزڈ داخلہ پالیسی کے تحت 168 میل و فی میل کالجوں میں کراچی کے 54 ہزار 810 طلبہ کے لیے نشستیں رکھی گئی ہیں جبکہ داخلے کی خواہشمند طالبات کے لئے 61 ہزار 530 نشستیں رکھی گئی ہیں۔ لڑکوں کے لیے پری میڈیکل اور لڑکیوں کے لیے پری انجینئرنگ کی نشستیں کم مختص کی گئی ہیں۔ طلبا کے لیے 5 ہزار 490 جبکہ طالبات کے لئے 17 ہزار 6 سو 35 پری میڈیکل کی نشستیں مختص کی گئی ہیں جبکہ طالبات کے لیے 8 ہزار 4 سو 65 اور طلبا کے لیے پری انجینئرنگ کی 20 ہزار 940 نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ کے اعلامیہ کے مطابق داخلوں کے لیے درخواستیں مکمل طور پر آن لائن طلب کی گئی ہیں۔ طلبہ و طالبات اپنے فارم محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ کی ویب سائٹ https://college.sindh.gov.pk/seccap یا www.seccap.net پر جمع کرا سکتے ہیں۔ جن طلبا و طالبات کے پاس انٹرنیٹ کی سہولت نہیں ہے وہ آن لائن درخواست جمع کرانے کے لیے اپنے قریبی کسی گورنمنٹ کالج سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ تمام کالج پرنسپلز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ ایسے طلبا و طالبات کے فارم آن لائن جمع کریں۔ اس کی کوئی قیمت نہیں ہے ۔ اسی طرح ہر گورنمنٹ کالج میں طلبا و طالبات کے لیے ایک ہیلپ ڈیسک قائم کی گئی ہے ۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ آن لائن درخواستیں جمع کرانے کی سہولت صرف کراچی بورڈ سے میٹرک کا امتحان پاس کرنے والوں کے لئے ہے۔ وہ طلبا و طالبات جنہوں نے میٹرک کا امتحان کراچی بورڈ کے علاوہ دیگر بورڈز سے پاس کیا ہے وہ اپنے فارم ڈی جی کالجز کے دفتر سے حاصل کرسکتے ہیں یا مندرجہ بالا ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کر کے پُر کرنے کے بعد مارک شیٹ کی فوٹو کاپی کے ساتھ ڈی جی کالجز کے دفتر گورنمنٹ کالج برائے خواتین میں جمع کرا سکتے ہیں۔
حوالہ: یہ خبر روزنامہ دنیا  کراچی کی ویب سائٹ پر مورخہ 26 ستمبر 2020 کو شائع ہوئی