کالجز کاانٹرمیڈیٹ سلیبس بھی کم کرنے کا مطالبہ
فیصل آباد: کورونا کے خدشہ کے باعث تعلیمی ادارے بند رہنے سے تعلیمی سیشن تاخیر سے شروع ہونے پر نجی کالجز ایسوسی ایشن نے انٹرمیڈیٹ کا سلیبس بھی کم کرنے کا مطالبہ کردیا۔ جنرل سیکرٹری نجی کالجز ایسوسی ایشن قاسم بٹر کہتے ہیں کہ حکومت نے میٹرک تک سمارٹ سلیبس متعارف کروایا ہے لیکن انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کو کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا گیا جس کے باعث طلبہ کو امتحانات کی تیاری کیلئے کم وقت ملنے سے نتائج پر منفی اثرات مرتب ہوں گے ۔پنجاب حکومت نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کیلئے الگ الگ پالیسی اپنا لی۔ کورونا کے باعث تعلیمی سیشن متاثر ہونے پر میٹرک تک کے طلبہ کو سمارٹ سلیبس فراہم کردیا گیا لیکن انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کو بھی کم وقت ملنے کے باوجود سلیبس میں کوئی تبدیلی یا کمی نہیں کی گئی جس پر نجی کالجز ایسوسی ایشن نے انٹرمیڈیٹ کا سلیبس بھی کم کرنے کا مطالبہ کردیا ہے ۔ نجی سکولز ایسوسی ایشن اور طلبہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انٹرکلاسز کیلئے بھی سمارٹ سلیبس متعارف کروایا جائے تاکہ طلبہ محدود سلیبس کی تیاری کرکے نتائج بہتر بناسکیں۔
حوالہ: یہ خبر روزنامہ دنیا کی ویب سائٹ پر مورخہ 24 اکتوبر 2020 کو شائع ہوئی